اتوار، 29 جنوری، 2017

آسٹریلین اوپن کے فائنل کے بعد پاکستان کی صورتحال

۔ ساری قوم نے پرائی شادی میں عبداللہ دیوانہ کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے سڑکوں پر خوشیاں منائیں اور فیڈرر کے حق میں نعرے لگائے۔ اسی دوران ٹریفک بلاک رہی اور رہ چلتی خواتین کو بھی تنگ کیا گیا۔ بعض منچلوں نے رافیل نڈال کے پتلے بھی جلائے۔

۔ وزیراعظم نے فیڈرر کو مبارک باد دیتے ہوئے جلد سوئٹزرلینڈ کے دورے پہ آنے کا اعلان کیا۔ دریں اثنا رافیل نڈال سے ہمدردی کرتے ہوئے وزیراعظم نے ان کو نیک خواہشات کا پیغام بھیجا اور بارسلونا سے میڈرڈ تک موٹروے بنانے کا بھی "سُکا" اعلان کیا۔

۔ خادمِ اعلٰی کی ہیلی کاپٹر پر رافیل نڈال کے گھر آمد۔ نڈال کی گرل فرینڈ کے سر پر ہاتھ رکھا۔ نڈال کی والدہ سے فائنل کا احوال سن کے آبدیدہ وغیرہ ہوئے، اور پانچ لاکھ کا امدادی چیک پیش کیا۔ نیز لودھراں اور خانیوال کے ڈی سی اوز اور ڈی پی اوز کو معطل کر دیا۔

  ۔ ایک مشہور سیاستدان نے نتائج کو چیلنج کرتے ہوئے سارے سیمی فائنل اور کوارٹر فائنل کھولنے کا مطالبہ کر دیا۔ نیز امپائر کی انگلی اٹھنے کا بھی اشارہ دے دیا۔

۔ اسحاق ڈار اور احسن اقبال نے آسٹریلین اوپن کو سی پیک میں شامل کرنے کا اعلان کر دیا۔

۔ رنگدار حویلی کے مکین نے بیان داغا ہے کہ اگلا مہینہ فیڈرر کے لئے خطرناک ہے۔ اور اگلا مہینہ خطرناک ثابت نہ ہوا تو اس سے اگلا مہینہ تو ضرور۔

۔ چیف جسٹس نے فائنل کے نتائج کا سو موٹو نوٹس لے لیا۔ ونر ٹرافی پہ حکمِ امتناع جاری۔ پہلی پیشی پر کیس ایک سال کے لئے ملتوی ہو سکتا ہے۔

۔ بلاول صاحب نے رافیل نڈال سے ہمدردی کرتے ہوئے ان کو رافیل بھٹو نڈال کا اعزازی نام پیش کر دیا۔ بلاشبہ آسٹریلین اوپن بہترین انتقام وغیرہ ہے۔ جیالوں کے بھنگڑے۔

۔ طاہر القادری نے راجر فیڈرر کے خلاف لانگ مارچ اور دھرنے کا اعلان کر دیا۔ قائدِ انقلاب ویڈیو لنک سے شرکت کریں گے، تاہم شہادت پروف کنٹینر علامتی طور پہ جلوس کے ساتھ جائے گا۔


۔ جناب قائم علی شاہ صاحب نے جان شیر خان کو سو میٹر ریس جیتنے پر مبارک باد پیش کی ہے۔

۔ رئیسانی صاحب نے نڈال کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائنل فائنل ہوتا ہے، چاہے جیتیں یا ہاریں۔
وغیرہ وغیرہ

5 تبصرے:

  1. سر جی بلاگ بنانے کے بارے میں مجھے کب سیکھائیں گے

    جواب دیںحذف کریں
  2. کالم تو خاصے تفصیلی ہوا کرتے ہیں عام طور پر۔ اس کو بس مختصر جگت بازی نما ہی سمجھ لیں جی۔

    جواب دیںحذف کریں
  3. بلاگ بنانا زیادہ مشکل نہیں ہے۔ انگریزی میں تو بس بنا بنایا ہی ہوتا ہے۔ اردو میں کچھ کسٹمائز کرنا پڑتا ہے۔ تاہم وہ بھی کچھ ایسا دشوار کام نہیں ہے۔

    جواب دیںحذف کریں

اپنے خیالات کا اظہار کرنے پہ آپ کا شکرگزار ہوں
آوارہ فکر